رائو انوار کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کیا جائے‘ پختون گرینڈ جرگہ

01 اپریل 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پختون گرینڈ جرگہ نے مطالبہ کیا ہے کہ نقیب اللہ شہید کیس میں ملوث رائو انوار کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کیا جائے اس معاملے میں دہرا معیار ہرگز برداشت نہیں کریں گے اسے خود سندھ پولیس مجرم اور نقیب اللہ کو شہید قرار دے چکی ہے‘ رائو انوار نقیب اللہ شہید سمیت سیکڑوں پختونوں اور کراچی کے نوجوانوں کا قاتل ہے‘ سندھ حکومت اور دوسرے اداروں کا نقیب اللہ شہید کیس پر اثرانداز ہونا بند کیا جائے اگر ہمارے مطالبے پر فوری عمل نہیں کیا گیا تو گرینڈ جرگہ اتوار 8 اپریل کو کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کرے گا جس میں کراچی کے تمام اضلاع سے ریلیاں شرکت کریں گی یہ مطالبہ پختون گرینڈ جرگہ کے رہنمائوں سیف الرحمان محسود‘ محمود خان محسود‘ حاجی میر زمان‘ حاجی لیاقت خان محسود اور دیگر ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیف الرحمان محسود نے کہاکہ رائو انوار اور اس کے ساتھیوں کو عدالتوں میں مجرموں کی طرح پیش کیا جائے رائو انوار پر سنگین الزامات ہیں اس کے مفرور ساتھیوں کو بھی جلد سے جلد گرفتار کیا جائے اس کے علاوہ لاپتہ افراد کو بازیاب کروایا جائے‘ قاتل رائو انوار کے جعلی پولیس مقابلوں کی مکمل تحقیقات کر کے مظلوموں کی داد رسی کی جائے‘ سندھ حکومت اور دوسرے ادارے نقیب اللہ شہید کیس میں اثراندازی بند کریں۔ سیف الرحمان محسود نے کہاکہ ضلع ملیر میں رائو انوار کی ٹیم کے قاتل کارندوں دوبارہ تعیناتی کا سلسلہ فوری بند کیا جائے ہم کراچی کے مظلوم عوام اور سول سوسائٹی کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ وہ انصاف کے حصول کیلئے ہمارا ساتھ دیں۔
پختون جرگہ