سندھ کے عوام 10 سال سے پی پی کی کارکردگی دیکھ رہے ہیں‘رضا ہارون

01 اپریل 2018

کراچی (خصوصی رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے سیکرٹری جنرل رضاہارون نے بلاول بھٹو کی سانگھڑمیں کی جانے والی تقریر پرردعمل کا اظہار کر تے ہوئے کہاکہ پچھلے دس سال سے پیپلز پارٹی کی سندھ میںحکومت ہے اور پچھلے 50سال سے وہ روٹی کپڑا اور مکان کانعرہ لگا رہے ہیں جب کہ حقیقت یہ ہے کہ روٹی کپڑا اور مکان دینا تو دور کی بات ہے صحت‘ تعلیم‘ روزگار تک سندھ کی عوام سے چھین لیا گیا ہے مائیں‘ بچے روزانہ قلت اور گندا پانی پینے سے مر رہے ہیں‘ اسپتالوں میں دوا نہیں ہے‘ تعلیمی اداروں میں تعلیم نہیں ہے‘ سندھ کے باشعور عوام پچھلے دس سال سے پی پی پی کی بد ترین کارکردگی دیکھ رہے ہیں‘ پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کو بیوقوف سمجھنا بندکریں‘ پیپلز پارٹی کی قیادت یہ کہنا کہ ان کو سندھ میں ضمیر کی آواز پر ووٹ پڑے گا۔ رضاہارون نے کہاکہ اللہ کرے کہ ایک دفعہ سندھ کی عوام اپنے ضمیرکی آوازپر واقعی ووٹ ڈال دیں تو پیپلز پارٹی کاسندھ میں مکمل طور پر صفایا ہوجائے گا اور ایک بھی ووٹ نہیں پڑے گے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی کی قیادت کا یہ کہنا کہ ان کو یہ سوچ کر رات کو نیند نہیں آتی کہ بچے گندہ پانی اور غذائی قلت سے مررہے ہیں سفید جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں کیونکہ جمہوریت کے نام پر جمہور کی جتنی تذلیل پیپلز پارٹی نے کی ہے اتنی کسی نے نہیں کی۔
رضا ہارون