الشفاء آئی ہاسپٹل معاشرے کیلئے ایک تحفہ ہے‘ وزیراعظم شاہد خاقان

01 اپریل 2018

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ الشفاء آئی ہاسپٹل گزشتہ تین دہائیوں سے انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے اور یہ ہمارے معاشرے کیلئے ایک تحفہ ہے۔جنرل جہانداد خان مرحوم کی کوششوں سے قائم ہونے والا یہ ادارہ اب بین الاقوامی معیار کا ہسپتال بن چکا ہے جس سے پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک کے ڈاکٹر اور مریض بھی استفادہ کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ روز27ویں الشفاء ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آغاز سے ہی اس ادارے سے کسی نہ کسی طور وابستہ ہیں اور مستقبل میں بھی اس مشن سے منسلک رہیں گے۔یہ ادارہ اندرون اور بیرون ملک بننے والے آئی ہاسپٹلزکیلئے ایک ماڈل بن چکا ہے۔انھوں نے کہا کہ الشفاء ٹرسٹ کی جانب سے امراض چشم میں مبتلاء لاکھوں بچوں کیلئے ایشیاء کے سب سے بڑے ہسپتال کی تعمیر ایک عظیم کارنامہ ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے الشفاء ٹرسٹ کیلئے بیس کروڑ روپے کی امداد کا اعلان بھی کیا۔ ٹرسٹ کے صدر جنرل حامد جاوید نے کہا کہ الشفاء ٹرسٹ کے زیر اہتمام راولپنڈی، سکھر، کوہاٹ اور مظفر آباد کے ہسپتالوں میں اب تک ساٹھ لاکھ مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے جبکہ چھ لاکھ آپریشن بھی کئے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایک ارب روپے کی لاگت سے ایشیاء کا سب سے بڑا چلڈرن آئی ہاسپٹل تعمیر کیا جا رہا ہے جو اگلے سال اگست میں کام شروع کر دے گا۔
وزیراعظم/ الشفاء