2 اپریل سے عدالتی ہفتہ کیلئے بنچز تشکیل بنی گالہ‘ راول ڈیم تجاوزات ہارٹ سرجری‘ مارگلہ ہلز کیسز کی سماعت ہو گی

01 اپریل 2018

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے 2 اپریل سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کیلئے اسلام آباد میں مختلف مقدمات کی سماعت کیلئے 4 بنچ تشکیل دے دیئے ہیں، بنچ نمبر ایک چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن، بنچ نمبر دوجسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں جسٹس مقبول باقر اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل ہے، بنچ نمبرتین جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل ہے ۔بنچ نمبر چار جسٹس منطور احمد ملک کی سربراہی میں جسٹس سردار طارق مسعودپر مشتمل ہوگا، تاہم جمعہ کے روز بنچوں میں د وبدل بھی ہوگا تما م بنچ دو رکنی ہوں گے۔سوموار سے شروع ہونے والے ہفتہ کے دوران سپریم کورٹ میں جن اہم مقدمات کی سماعت ہو گی ان میں نادرا کی جانب سے اوور سیز پاکستانیوں کے نائیکوپ اور پاکستانی اوریجن کارڈوں کی فیسوں میں اضا فہ کے خلاف از خود نوٹس۔بنی گالہ اور راول ڈیم کے ارد گرد تجاوزات اورآلودگی سے متعلق متعدد مقدمات،دل کے مریضوں کی سستی سرجری و علاج و ادوبیات سے متعلق از خود نوٹس کیس۔مارگلہ ہلز سوموٹو کیس۔وقف پراپرٹی ازخود نوٹس کیس ۔
عدالتی ہفتہ