یوتھ الیکشن سے نوجوان قیادت کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا‘ حافظ نعیم

01 اپریل 2018

کراچی (خصوصی رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی منی پاکستان اور ملک کی اقتصادی شہ رگ ہے ڈھائی کروڑ عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑا نہیں جا سکتا‘ یوتھ الیکشن کے ذریعے کراچی میں نوجوان قیادت کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد قباء فیڈرل بی ایریا میں جماعت اسلامی ضلع وسطی کے ہر سطح کے ناظمین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرمنعم ظفر خان‘ محمد یوسف اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ حاظ نعیم الرحمن نے کہاکہ اب ہم نوجوانوں کو منظم اور متحرک کر کے یوتھ لیڈر شپ کو سامنے لائیں گے‘۔ منعم ظفر خان نے کہاکہ کراچی میں نوجوان آبادی کا 65 فیصد ہیں اس اعتبار سے شہر میں ڈیڑھ کروڑ نوجوان ہیں‘ نوجوانوں کو ان کے مقاصد سے ہٹا کر بے سمت راہ پر گامزن کیا گیا۔