پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ سے شہری مسائل حل ہوں گے:عارف جیوا

01 اپریل 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور اور آباد کے چیئرمین عارف جیوا کے ہمراہ پرائیوٹ پبلک پارٹنرشپ سے کشمیر روڈ پر دلکش روشن اسٹریٹ لائٹس‘ پینٹنگ سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کا افتتاح کردیا ہے۔ افتتاح کے موقع پر تختی کی رونمائی سے قبل پرچم کشائی کی گئی۔ اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہاکہ شہریوں کی خدمت کرنے کا اب آغاز ہو چکا ہے‘ ترقیاتی کاموں میں اب پرائیوٹ پارٹنرشپ بھی شامل ہو چکی ہے ‘ صفائی کے معاملات سے نظریں نہیں چرا سکتے ہیں۔ چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہاکہ وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں جسے دور کرنے کیلئے پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ چیئرمین آباد عارف جیوا نے کہاکہ میئر و ڈسٹرکٹ چیئرمینز کو شہر کو روشنیوں کا شہر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور وسیم اختر کے میئر شپ کے دور میں بہت سے ترقیاتی کام ہوتے دکھائی دیں گے۔ افتتاح کے موقع پر میونسپل کمشنر اخترعلی شیخ‘ سپرنٹنڈنگ انجینئر طارق مغل‘ ایکسی این بی اینڈ آر توقیر عباس‘ ایکسی این ایم اینڈ ای مبین شیخ و دیگر افسران سمیت آباد کے سابق چیئرمین محسن شیخانی‘ راحیل رنچ و دیگر نے شرکت کی۔