گرین کراچی وژن میئر کا 6 ماہ میں ایک لاکھ پودے لگا نے کا اعلان

01 اپریل 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی میں اگلے 6 ماہ کے دوران ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے اور ان میں کراچی کے قدیم اور روایتی پودے بھی شامل ہیں جو کراچی کی پہچان ہیں، مورنگا ایک  ایسا پودا ہے جو ماحول دوست اور کئی فوائد کی حامل ہے اس کی ایک بڑی تعداد شاہراہ فیصل، راشد منہاس روڈ، کار ساز روڈ، شاہراہ پاکستان، کورنگی روڈ، پارکوں اور میدانوں میں لگایا جائے گا، گرین کراچی وژن کے تحت شہری ہمارے ساتھ آئیں اور کراچی کو سر سبز بنائیں، یہ بات انہوں نے عائشہ منزل پر مورنگا کا پودا لگا کر کراچی میں شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی، ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی، پارکس کمیٹی کے چیئرمین خرم فرحان، میڈیا مینجمنٹ کمیٹی کی چیئر پرسن صبحین غوری ، ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور ، سینئر افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں شجر کاری کی مہم ہر ہفتہ کے دن مختلف علاقوں میں بھر پور طریقے سے منعقد کی جائے گی اور اگلے 6 ماہ میں ایک لاکھ پودے لگانے کا ہدف حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی آبیاری بھی کی جائے گی، انہو ںنے کہا کہ پودے لگانے سے قبل پانی کاانتظام کیا گیا ہے تاکہ یہ پودے مرجھا نہ سکیں۔