” پاکستان اور پولینڈ کی تجارت میں کئی گنا اضافہ کیا جا سکتا ہے “
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اور پولینڈ کی براہ راست دوطرفہ تجارت کا حجم 113ملین ڈالر ہے جس میں 77ملین ڈالر کی ملکی برآمدات جبکہ پولینڈ سے کی جانے والی 36ملین ڈالر کی درآمدات شامل ہیں۔ یمن کے اعزازی قونصل جنرل مرزا اختیار بیگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور پولینڈ کی دوطرفہ تجارت میں کئی گنا اضافہ کیا جا سکتا ہے کیونکہ دونوں ملک 218ملین ڈالر سے زائد کی باہمی تجارت کرتے ہیں جس میں پاکستان کا حصہ 152ملین ڈالر جبکہ پولینڈ کا حصہ 66ملین ڈالر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک براہ راست تجارت کے فروغ کے حوالے سے اقدامات کے ذریعے دوطرفہ تجارت کے حجم میں دو گنا سے زائد اضافہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولینڈ اپنی بجلی کی ضروریات کا 80فیصد کوئلے سے حاصل کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولینڈ کی معاونت سے ہم تھر میں پائے جانے والے کالے سونے یعنی کوئلے سے بجلی پیدا کر کے توانائی تحران پر قابو پا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توانائی سمیت دیگر مختلف شعبوں میں بھی دو طرفہ تعاون کو فرو غ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔