جماعت اسلامی نے دکھی انسانیت کی خدمت کا جو بیڑا اٹھایا ہے وہ قابل فخر ہے : ذکر اللہ مجاہد لاہور
(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی لاہورذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اللہ تعالی ٰ نے انسان کو دنیا میں اپنا نائب بنا کر اس لیے بھیجا کہ وہ خدمت خلق کرتے ہوئے حقوق العباد اور انسانی خدمت کا فریضہ سر انجام دے،اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو پسند کرتاہے جو اس کی مخلوق سے محبت و خیر خواہی کا رویہ رکھتے ہیں،جماعت اسلامی نے دکھی انسانیت کی خدمت کا جو بیڑا اُٹھایا ہے وہ قابل قدر ہی نہیں بلکہ قابل فخر بھی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے گذشتہ روزجماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام تقریب تقسیم راشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں احمد سلمان بلوچ ، نواب الدین چوہدری ، عبدالعزیز عابد، محسن بشیر ، ناظمہ زرافشاں فرحین ،فرحت شکیل ، نسیم اختر ناظمہ ، انجم شوکت ، فرزانہ زبیر ناظمہ ، حنا ء رائوف نائب ناظمہ نے شرکت کی۔