قومی اسمبلی میں غلط بیانی، وزیراعظم، وزیر داخلہ کی نااہلی کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر
لاہور (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی میں غلط بیانی کرنے پر وزیراعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ چودھری نثار کو نااہل قرار دینے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ تحریک انصاف لاہور کے نائب صدر گوہر نواز سندھو کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے فوج کو ثالثی کا کردار ادا کرنے کے حوالے سے قوم سے غلط بیانی کی۔ حکومت نے خود ہی آرمی چیف کو موجودہ سیاسی صورتحال میں بطور ثالث کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔ جب اس بارے میں خبر آئی تو سیاسی حلیفوں کو مطئمن کرنے کیلئے وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے اسمبلی میں یہ بیان دیا کہ انہوں نے آرمی چیف سے ایسی کوئی درخواست نہیں کی۔ بعدازاں آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان میں اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ فوج کو حکومت نے درخواست کی تھی۔ وزیراعظم اور وزیر داخلہ غلط بیانی کرنے پر آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے لہٰذا انہیں نااہل قرار دینے کا حکم دیا جائے۔ یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ عدالتی فیصلہ آنے تک وزیراعظم اور وزیر داخلہ کو کام سے روکنے کے بھی احکامات صادر کئے جائیں۔ دوسری جانب محمد منیر نامی شہری نے وزیراعظم کی جانب سے غلط بیانی پر سپیکر قومی اسمبلی اور چیف الیکشن کمشنر کو لیگل نوٹس بھجوا دیا گیا۔
وزیراعظم وزیر داخلہ / نااہلی