ایفی ڈرین کیس: حنیف عباسی کی بریت کی درخواست مسترد، فرد جرم کےلئے طلبی
راو لپنڈی (ثناءنیوز) راولپنڈی کی انسداد منشیات عدالت نے مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی کی ایفی ڈرین کوٹہ الاٹمنٹ کیس میں بریت کے لئے دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں دو ستمبر کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے طلب کر لیا ۔ عدالت کا کہنا تھا کہ بادی النظر میں ملزمان کے خلاف ایفی ڈرین کو کوٹہ حاصل کرنے اور اس کا غیر قانونی استعمال کرنے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں اس لئے انہیں باعزت بری نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے حنیف عباسی کو دو ستمبر کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے طلب کر لیا ہے ۔ حنیف عباسی اور ان کے وکلاءنے موقف اختیار کیا کہ انہوں نے قانون کے مطابق ایفی ڈرین کا کوٹہ لیا اور اس کی ادویات بنائی ہیں تاہم این ایف کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کی جانب سے 500 کلو گرام ایفی ڈرین کا کوٹہ حاصل کرنا بھی غیر قانونی تھا اور اس کی ادویات نہیں بنائی گئیں بلکہ ایفی ڈرین کو سمگل کر دیا گیا اس لئے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد حنیف عباسی کی کیس سے باعزت بری کرنے کی درخواست مسترد کر دی ۔
حنیف عباسی/طلب