گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کانووکیشن، 16 سو طلبہ کو ڈگریاں میڈلز اور اسناد دی گئیں
لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں گزشتہ روز 13ویں کانووکیشن کے موقع پر 1600طلباء وطالبات کو ڈگریاں،میڈلز اور تعریفی اسناد دی گئیں۔کانووکیشن کی صدارت وزیرِ تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کی،جبکہ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد خلیق الرحمان ،ڈین پروفیسر ڈاکٹر اسلام اللہ خان ، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محمد اخیار فرخ اور کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ہارون قادر بھی موجود تھے۔طلباء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد خلیق الرحمان نے بتایا کہ یونیورسٹی نے پچھلے 3برسوں میں 27 نئے پوسٹ گریجوایٹ پروگرامز کا آغاز کیا ہے،جن کی بدولت طلباء کی مجموعی تعداد6200سے بڑھ کر 11557 تک جا پہنچی ہے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن جی سی یو کا شمار لارج سائز یونیورسٹی میں کرتا ہے۔ اس موقع پر وزیرِ تعلیم رانا مشہود احمد خان کا کہنا تھا کہ حکومت جی سی یو میں جگہ کی کمی کے حوالے سے آگاہ ہے اور اس کے کالا شاہ کاکو کیمپس کے لیئے خطیر رقم فراہم کرے گی۔ 30 میں سے 18 تعلیمی میڈلز طالبات نے حاصل کئے۔ سپورٹس میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر 13 طلباء کو رولز آف آنر سے نوازا گیا۔ 28 طالب علموں کو ہم نصابی سرگرمیوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر رولز آف آنر اور میڈلز دیے گئے۔ 7 طلباء کو میڈلز جبکہ 21 کو ہم نصابی سرگرمیوں میں رولز آف آنرز سے نوازا گیا۔