مولانا ابو الحسنات نے تحریک پاکستان میں مثالی کردار ادا کیا: شاہد رشید
لاہور (خصوصی رپورٹر) مولانا ابوالحسنات درویش صفت انسان تھے، انہوں نے اپنی زندگی پاکستان اور اسلام کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ مولانا ابوالحسنات قادریؒ بہار کے انتہا پسند ہندوئوں کے درمیان رہتے ہوئے بھی حصول پاکستان کی جدوجہد میں دن رات مصروف عمل رہے۔ ان مشاہیر تحریک پاکستان کی قربانیوں کی بدولت ہی ہم آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں تحریک پاکستان کے رہنما مولانا ابوالحسنات قادریؒ کی برسی کے سلسلے میں خصوصی لیکچر میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شاہد رشید نے کہاکہ مشاہیر تحریک پاکستان اعلیٰ کردار کے مالک تھے اور انہوں نے قائداعظمؒ کا بھرپور ساتھ دیا۔ سہروردی فیملی کے ساتھ تعلق نے انہیں مسلم لیگ اور تحریک پاکستان کے ساتھ قلبی رشتے میں باندھ دیا۔ انہوں نے 1946ء کے الیکشن کی مہم میں بھرپور حصہ لیا۔ قیام پاکستان کے بعد لاہور سے انہوں نے پندرہ روزہ ہیومن سروس نکالا۔ انہوں نے ملکی تعمیر وترقی اور استحکام میں اپنا بھرپورکردار ادا کیا۔ 25 جنوری 1974 کو لاہور میں ان کا انتقال ہوا۔