طاہر القادری اپنے کزن عمران کی طرح یوٹرن کے ماہر ہیں دونوں ڈیڈ لائنز دیکر تھک گئے : پرویز رشید
اسلام آباد (وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان دونوں کزن ڈیڈ لائن دے دے کر تھک گئے ہیں نیا پاکستان بنا نہ ہی انقلاب آیا۔ طاہر القادری اپنے کزن عمران خان کی طرح یوٹرن کے ماسٹر ہیں، طاہر القادری ایسی بات ہی کیوں کرتے ہیں جسے اگلے روز واپس لینا پڑے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اب جوڈیشل کمشن سے اپنے ہی الزامات کی تحقیقات سے بھاگ رہے ہیں اگر منظم دھاندلی ہوئی ہے تو اس کا فائدہ کس پارٹی کو ہوا؟ عمران خان اب اپنے ہی لگائے الزامات سے نہ بھاگیں۔ عمران خان اپنے کارکنوں کو قانون شکنی سکھانے کی بجائے قانون پر عمل کرنے والا بنائیں‘ ہر وقت کوسنے اور برا بھلا کہنے والا شخص لیڈر نہیں ہوتا، عمران خان دھرنوں میں افراد کی کمی کا غصہ پولیس پر نہ نکالیں، پولیس کی کمان آئین اور قانون کی تابع ہے، عمران خان ڈی آئی خان جیل توڑنے والوں اور بزدلی دکھانے والوں کو کب جیل بھیجیں گے۔ چودھری پرویز الٰہی کو دکھ ہے کہ میڈیا ق لیگ کے کارکنوں کی گرفتاری نہیں بتا رہا، ق لیگ کے کارکن ادھار پر دھرنوں میں آتے تھے اور پی ٹی آئی اور عوامی تحریک میں شامل ہو گئے۔ عمران خان ہر روز غلط بیانی کر کے بنی گالہ پہنچ جاتے ہیں اور اگلے دن اس کا ثبوت بھی نہیں دیتے، عمران خان اب تو ڈیڈ لائن بھی نہیں دیتے۔ عمران کی حکومت خیبر پے کے میں 70فیصد بجٹ خرچ ہی نہیں کر سکی، ترقی کیا خاک کریں گے، پنجاب میں تعلیم پر خیبر پی کے سے زائد خرچ ہو رہا ہے، عمران خان اپنی حکومت کی فکر کریں۔ خیبر پی کے میں نقل مکانی کرنے والوں کو کھانا دینے میں عمران کا کیا کردار تھا، عمران خان نے نقل مکانی کرنے والوں کو پوچھا تک نہیں۔ عمران خان ڈیرہ اسماعیل خان جیل توڑنے والوں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کرتے۔ عمران کو اپنے کارکنوں کو حوصلہ دینا چاہئے، مشکل وقت میں عمران نے آئی ڈی پیز کا پوچھا ہی نہیں۔عمران کا نیا پاکستان ان کی انا پر قربان ہوگیا، پاکستان کو ناکام ریاست بنانے میں عمران خان اور ان کے حواریوں کا ہاتھ ہے۔ عمران خان نے خیبر پی کے کی پوری صوبائی کابینہ کو کنٹینر میں یرغمال بنا رکھا ہے ا ور بے حس ہیں وہ لیڈر جنہوں نے خیبر پی کے کے اعتماد کو دھوکہ دیا۔ عمران پرانے سیاستدانوں کو ساتھ ملاکر سٹیٹس کو توڑنے کی باتیں کررہے ہیں۔
پرویز رشید