اسلامی فوجی اتحاد بیت المقدس کی آزادی کیلئے جنگ کا اعلان کرے: سراج الحق
لکی مروت(نامہ نگار)جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرپ کی طرف سے بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے اور وہاں امریکی سفارتخانہ منتقل کرنے کے خلاف17دسمبر کو کراچی میں القدس ملین مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالم اسلام کی قیادت بزدلوں کے ہاتھ میں ہے مسلم حکمران کمزور ہیں انہیں جان لینا چاہیے کہ بیت المقدس کے معاملے پر یکجا اور متحد نہ ہوئے اور امریکہ کے بائیکاٹ کا فیصلہ نہ کیا تو مسلم امہ کے ہاتھ ان کے گریبانوں میں ہوں گے وہ سرائے نورنگ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے دیگر مقررین میں جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر ڈاکٹر اقبال خلیل، مشیر جماعت اسلامی انتخاب خان چمکنی، تحصیل کونسلر حاجی عزیز اللہ خان، ضلعی امیر مفتی عرفان اللہ اور مرکزی امیر ختم نبوت مفتی امتیاز شامل تھے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کی سربراہی میں قائم اسلامی ممالک کی افواج کے اتحاد کے لئے یہی امتحان اور آزمائش کی گھڑی ہے میری تجویز ہے کہ یہ اتحاد بیت المقدس کی آزادی کے لئے جنگ کا اعلان کرے اور فلسطین، کشمیر اور روہنگیا میں مسلمانوں کے خلاف جاری دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے حرکت میں آئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور اس کا ٹولہ کرپشن کی دلدل میں بری طرح دھنس چکا ہے مرکزی حکومت نیب زدہ ہے حکمرانوں کے چہرے زرد ہوچکے ہیں اور الفاظ ان کا ساتھ نہیں دے رہے پانامہ لیکس میں نام سامنے آنے پر نواز شریف اور اسحاق ڈار کو مستعفی ہونے کا مشورہ دیا تھا جو انہوں نے نہیں مانا اور آج رسوا ہورہے ہیں پانامہ لیکس میں شامل436افراد کے احتساب کے لئے سپریم کورٹ میںپیٹیشن دائر کی ہے جنہوں نے قوم، اداروں اور بنکوں کو لوٹا ہے انہیں احتساب کے دائرے میں لایا جائے اور انہیں ایوانوں میں بٹھانے کی بجائے اڈیالہ جیل میں ڈالا جائے جن سیاستدانوں کے کیس نیب میں ہیں انہیں آئندہ الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دی جائے پانچ چھ ہزار کرپٹ افراد جیل بھیجے جائیںگے تو کرپشن خود بخود ختم ہوجائے گی ۔