مہنگائی کی شدید لہر کے باوجود خواتین نے عیدالفطر کی تیاریاں جوش و خروش سے شروع کر دیں
لاہور (رفیعہ ناہید اکرام ) مہنگائی کی شدید لہر کے باوجود خواتین نے عیدالفطر کی تیاریاں جوش و خروش سے شروع کر دیں اور بچوں و دیگر اہلخانہ کیلئے کپڑوں ، جوتوں ، جیولری، کاسمیٹکس، ہینڈ بیگز اورگھرکی آرائش کے سامان ،کراکری،کشن، گلدان، ٹیبل میٹس، ٹیبل لیمپس، ڈیکوریشن پیس کی خریداری کیلئے شہر بھر کے چھوٹے بڑے بازاروں اور شاپنگ مالزکا رُخ کر لیا ہے۔ شہرکے اکثردرزیوںنے بکنگ بندکردی ہے جس کی وجہ سے ریڈی ملبوسات کی دکانوں اور بوتیکوں پر بھی خواتین کا رش بڑھ رہا ہے جبکہ بیوٹی پارلروں پر بھی خواتین بڑی تعداد میں نظر آنے لگی ہیں۔ گزشتہ روز اچھرہ بازار میں شاپنگ کیلئے آنے والی خواتین نمرہ اور شازیہ نے نوائے وقت سروے میں بتایا کہ بازاروں میں منافع خوروں کا راج ہے۔ اچھرہ کو غریب پرور بازار کہا جاتا تھا مگر اب یہاں بھی مہنگائی عروج پر ہے۔ فوزیہ اور نصیر بیگم نے کہا کہ عید پر نئے بنانا ہرکسی کی خواہش ہے مگر مہنگائی کی وجہ سے صرف بچوںکے ہی بنا لیں تو بڑی بات ہے۔ میمونہ اور سدرہ نے کہا کہ لالچی دکانداروں نے انتہائی ناقص مال نکال کر سجا لیا ہے اور اسے مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں۔