پاکستان کشمیر پر اپنے اصولی م¶قف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا: سرتاج عزیز
لاہور (خصوصی رپورٹر) نئی نسل تعلیم پر توجہ دے اور پاکستان کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ پاکستان کشمیر پر اپنے اصولی موقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان شاہراہ قائداعظم میں جاری منفرد پروگرام نظریاتی سمر سکول کے پندرہویں سالانہ تعلیمی سیشن کے تیئسویں روز طلبا و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، چیف کوآرڈی نیٹر میاں فاروق الطاف، صاحبزادہ سلطان احمد علی اور سیکرٹری نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید بھی موجود تھے۔ سرتاج عزیز نے کہا پاکستان ایک جمہوری عمل کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا لہٰذا جمہوری عمل جاری رہنے میں ہی اس ملک کی بقاءاور ترقی ہے۔ 14 اگست 1947ءکو پاکستان قائم ہو گیا۔ یہ قائداعظم کا ہم پر احسان ہے کہ انہوں نے ہمیں ایک علیحدہ وطن لے کر دیا۔ آئین کے مطابق پاکستان ایک اسلامی ملک ہے اور یہاں قرآن و شریعت کے منافی کوئی قانون نہیں بنے گا۔ آزادی بہت بڑی نعمت ہے اس کی قدر کریں۔ قیام پاکستان کے بعد بھارت نے مسلم اکثریتی علاقہ ہونے کے باوجود کشمیر پر قبضہ کر لیا۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مذاکرات سے حل ہونا چاہئے۔ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع انتہائی زبردست ہے، ایک طرف سنٹرل ایشیائی ریاستیں ہیں تو دوسری طرف مڈل ایسٹ کے ممالک، پاکستان ان میں پل کا کردار ادا کرتا ہے۔ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کہا ہمیں اپنے محسنوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئے اور انہیں یاد رکھنا چاہئے۔ ہمیں اپنی دینی اقدار سے وابستہ رہنا چاہئے۔ نئی نسل دینی و دنیاوی اور جدید علوم حاصل کرے اور ہمیشہ سچ بولیں۔