ٹی ٹونٹی سیریز :پاکستان کو آج پھر انگلینڈ کا چیلنج درپیش
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان تین میچز کی سیریز کا آخری ٹی ٹونٹی آج کھیلا جائے گا۔ انگلش ٹیم کو تین میچوںکی سیریز میں دوصفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے،شارجہ کا میدان آج پاکستان انگلینڈ تیسرے ٹی ٹونٹی کی میزبانی کرے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہوگا۔قومی ٹیم سیریزتو ہار چکی اب بقا کی جنگ لڑے گی۔ انگلینڈ نے دوسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین رنز سے شکست دی تھی۔مسلسل دو میچز میں شکست کے بعد قومی ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں دوسرے سے چوتھے نمبرپرآگئی۔مزید تنزلی سے بچنے کے لیے لازمی فتح درکار ہے،انگلینڈ کے ہاتھوں وائٹ واش شکست کی صورت میں پاکستان ٹیم چھٹے نمبرپرپہنچ جائے گی۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے ہاتھوں ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کے مسلسل 6میچ ہارچکی ہے ۔پاکستان آج ٹیم میں تبدیلیاں کرسکتا ہے ۔ آل رائونڈر عامر یامین یا بلا ل آصف میں سے کسی کو شامل کیا جاسکتا ہے ۔انگلینڈ ٹیم میں کپتان آئن مورگن کی واپسی ہوگی ۔ انگلش بلے باز جیمز وینس نے کہا ہے کہ آج میچ جیت کر سیریز میں کلین سوئپ کرینگے۔ انگلش ٹیم ریلکس نہیں کرے گی اور سیریز 0-3 سے اپنے نام کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ پاکستان اے اور انگلینڈ لائنز کے درمیان سیریز کے حوالے سے بتایا کہ وہ سیریز کھیلنے کیلئے مزید یہاں تین سے چار مہینے ٹھہریں گے۔یہ ایک اور مشکل سیریز ہو گی۔مجھے لائنز کی کپتانی کا موقع ملا ہے، لہذا یہ ایک اور اچھا تجربہ ہو گا۔ ڈیبیو ٹی ٹونٹی کھیلتے ہوئے بہت نروس تھا۔ مجھے ٹی ٹونٹی کھیلنے کا موقع ملا ہے، امید ہے کہ مستقبل میں ون ڈے اور ٹیسٹ بھی کھیل سکوں گا۔