پاکستان ، بھارت کرکٹ سیریز کیلئے مذاکرات بے نتیجہ ، فریقین موقف پر ڈٹے رہے
دبئی (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاک بھارت کرکٹ کے حوالے سے مذاکرات میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، پاک بھارت کرکٹ بورڈ حکام اپنے اپنے موقف پر ڈٹے رہے، برمنگھم میں بھی دو طرفہ سیریز پر پاک بھارت بورڈ حکام بات کریں گے، نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا کہ اس سال پاک بھارت سیریز کا امکان نہیں، چیمپئنز ٹرافی کے دوران مزید بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے بھارت نے بات چیت جاری رکھنے کا کہا ہے ابھی معاملہ میں آئی سی سی کو نہیں لایا جائے گا بھارت نے سیریز کے حوالے سے ہاتھ کھڑے کر دیئے سیریز کھیلنے کے فیصلے کا اختیار بھارتی بورڈ کے پاس نہیں سیریز سے متعلق فیصلہ حکومت کرے گی۔پاکستانی کرکٹ بورڈ نے کہاہے کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز نہ کھیلنے پر بھارتی بورڈ 7کروڑ ڈالر دے۔ پاکستانی کرکٹ بورڈ کا کہناتھا کہ بھارت نے چھ دو طرفہ سیریز کی مفاہمت کی یادداشت کی خلاف ورزی کی ہے اس لیے بھارت پاکستان کو سات کروڑ ڈالر ادا کرے۔دوسری جانب بھارتی حکام کا موقف ہے کہ دو طرفہ سیریز سے انکار نہیں کیا ،حکومتی اجازت درکار ہے۔یہ مطالبہ پاکستانی حکام نے بھارتی حکام سے دبئی میں ہونے والے دوطرفہ مذاکرات کے دوران پیش کیا۔ بھارتی وزیر کھیل وجے گوئل نے مستقبل قریب میں پاک بھارت کرکٹ سیریز کے امکانات کو رد کردیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وجے گوئل نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مستقبل میں دوطرفہ سیریز کا کوئی امکان نہیں۔وجے گوئل نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی طرف سے دراندازی برقرار رہنے تک دونوں ممالک آپس میں نہیں کھیل سکتے۔بھارتی وزیر کھیل نے اپنے کرکٹ بورڈ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بی سی سی آئی کو پاکستان کے ساتھ کھیلنے کی کسی بھی پیشکش سے قبل حکومت کو آگاہ کرنا چاہیے۔ مستقبل قریب میں سیریز ممکن نہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ 2015 سے 2023 تک پاک بھارت سیریز کے معاہدے کی پاسداری نہ کرنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کو پہلے ہی 60 ملین ڈالر ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج چکا ہے۔