اینڈرسن چار سو وکٹیں لینے والے پہلے برطانوی بولر بن گئے

اینڈرسن چار سو وکٹیں لینے والے پہلے برطانوی بولر بن گئے

لندن (بی بی سی رپورٹ) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سٹرائیک بولر جیمز اینڈرسن ٹیسٹ کرکٹ میں چار سو وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے برطانوی اور عالمی سطح پر 12ویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن مارٹن گپٹل کو آو¿ٹ کر کے جیمز اینڈرسن نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی چار سو وکٹیں مکمل کیں۔نیوزی لینڈ کے خلاف ہیڈنگلے میں جب دوسرا ٹیسٹ میچ شروع ہوا تو جیمز اینڈرسن کو چار سو وکٹیں حاصل کرنے کے لئے صرف ایک وکٹ درکار تھی جو انھوں نے میچ کی آٹھویں بال پر ہی لے لی۔ایک خوبصورت سوئنگ ہوتی ہوئی گیند مارٹن گپٹل کے بیٹ کا باہری کنارہ لیتے ہوئے دوسری سلپ میں گئی، جہاں کھڑے ایئن بیل نے اپنے سر سے اوپر تیز گیند کو دونوں ہاتھوں سے کیچ کر لیا۔ مارٹن گپٹل کوئی رن بنائے بغیر آو¿ٹ ہو گئے۔جیمز اینڈرسن نے چار سو وکٹیں اپنے ایک سو چوتھے ٹیسٹ میں حاصل کی ہیں۔اینڈرسن کی چار سو وکٹیں مکمل ہونے کے ساتھ ہی بارش شروع ہو گئی اور کھیل روکنا پڑ گیا۔ کھیل شروع ہونے کے بعد اینڈرسن نے ایک اور وکٹ حاصل کر لی اور مجموعی طور پر ان کی وکٹوں کی تعداد 401 ہو گئی جب انھوں نے کین ولیم سن کو آو¿ٹ کر دیا۔ ولیم سن نے پہلے ٹیسٹ میں شاندار کھیل پیش کیا تھا اور سنچری بنائی تھی۔ تاہم اس میچ کی پہلی اننگز میں وہ بغیر کوئی رن بنائے وکٹ کے پیچھے جو بٹلر کو کیچ دے بیٹھے۔اینڈرسن نے تین گیندوں میں کوئی رن دیے بغیر دو کھلاڑیوں کو آو¿ٹ کیا۔ نیوزی لینڈ نے اس وقت تین اووروں میں دو رن بنائے تھے اور اس کے دو کھلاڑی پویلین کو لوٹ چکے تھے۔