دورہ انگلینڈ‘ عمر اکمل کی شرکت مشکوک‘ محمد عامر‘ سلمان بٹ کا فیصلہ ویزے پر ہو گا
لاہور( نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) دورہ انگلینڈ کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کے ناموں پر ابتدائی مشاورت مکمل کرلی، اعلان ایک دو روز میں ہو گا، عمر اکمل کی تینوں فارمیٹ سے چھٹی کا امکان ہے۔خالد لطیف، خرم منظور اور افتخار احمد کی ون ڈے سکواڈ میں واپسی کا فیصلہ ہوگیا۔محمد عامر اور سلمان بٹ کی شمولیت ویزہ کلیئرنس سے مشروط ہے۔ بابر اعظم کو ٹیسٹ جبکہ اسد شفیق کو ون ڈے سکواڈ میں بھی شامل کئے جانے امکان ہے۔ فاسٹ باولرز حسن علی، عماد بٹ اور محمد عباس کے نام بھی زیر غور ہیں۔یاسر شاہ کی تینوں فارمیٹ میں واپسی یقینی ہے جبکہ شعیب ملک کی ون ڈے سکواڈ میں شمولیت مشکل نظر آرہی ہے۔محمد حفیظ ، وہاب ریاض ،عماد وسیم کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہے پاکستان کپ میں قومی سلیکشن کمیٹی کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس کا جائزہ لے رہی ہے اور کپ کے اختتام پر کیمپ کیلئے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کیا جائیگا۔