پنک بال سے کھیلنے کا تجربہ حاصل کرنے کیلئے کیمپ لگانے کا فیصلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر +نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کی تیاری کیلئے ایک ہفتے کا کیمپ لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی سلیکشن کمیٹی نے ٹیسٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوںکو قذافی سٹیڈیم رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ پنک بال کی مدد سے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کی تیاری کی جاسکے ۔ ذرائع نے بتایا کہ کیمپ کے دوران تمام کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ بھی لئے جائیں گے ۔ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور سینئر بلے باز یونس خان سمیت تمام کھلاڑیوں کو فٹنس ٹیسٹ سے گزرنا ہوگا۔ سلیکشن کمیٹی کی تجویز پر یہ کیمپ لگایا جارہا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو پنک بال کھیلنے کا تجربہ حاصل ہوسکے ۔