یونس خان ورلڈ کپ سکواڈ کا حصہ ہونا چاہئے: شہریار
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار ایم خان کا کہنا ہے کہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لئے کام کر رہے ہیں اور آئی سی سی کے آئندہ میٹنگ میں بھی اس بارے بات کروں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکا ،بنگلا دیش اور بھارت کی جونیئر اور سینئر ٹیموں کو پاکستان لانے کی کوشش کر رہے ہیں امید ہے جلد اس پر پیشرفت ہو گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ معین خان فی الحال دونوں عہدوں پر کام جاری رکھیں گے تاہم ان کے مستقبل کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کا آئندہ صدر پاکستان سے ہو گا اس عہدے کی نامزدگی کے لئے بنائے گئی رکنی کمیٹی ایک دو روز میں امیدوار کا نام فائنل کر لے گی۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ یونس خان نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے اور میرا خیال ہے کہ انہیں عالمی کپ 2015میں قومی ٹیم کا حصہ ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن قومی انڈر 19 ٹیم کی 10وکٹوں سے شکست افسوسناک ہے۔ جونیئر لیول پر سلیکشن کا معیار بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ افغانستان میں بہت ٹیلنٹ ہے اگر یہ اسی طرح کھیلتے رہے تو بہت جلد بین الاقوامی سطح پر نام پیدا کر سکتے ہیں۔