حکومت سرپرستی کرے تو بیس بال میں اچھا مقام حاصل کر سکتے ہیں : خاور شاہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان فیڈریشن آف بیس بال کے سیکرٹری سید خاور شاہ کا کہنا ہے کہ ایشین گیمز میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی بہت اچھی رہی ہے جس کی وجہ سے رینکنگ میں 11.50 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔ حکومت سرپرستی کرے تو ایشیا سمیت ورلڈ میں اچھا مقام حاصل کر سکتی ہے۔ نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ساوتھ ایشین گیمز میں اگر پاکستان بیس بال ٹیم کو شامل کیا گیا تو ملک کے لیے میڈل یقینی طور پر جیت جائیں گے۔ پاکستان میں بیس بال کا انفراسٹرکچر نہ ہونے کے باوجود پاکستانی کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح کے ٹورنامنٹس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اگر پاکستان میں بیس بال کا سٹیڈیم بنایا جائے تو ایشین چیمپیئن شپ کی میزبانی حاصل کر سکتے ہیں جس میں دنیا کی ٹاپ ٹیمیں پاکستان میں ایکشن میں نظر آ سکتی ہیں۔ خاور شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بیس بال کا بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے اس کھیل کو پاکستان میں متعارف کرانے اور اسے ترقی دینے کے لئے بہت زیادہ محنت کی ہے۔ یہی وجہ ہے آج پاکستان کے بیشتر شہروں میں بیس بال باقاعدہ شروع ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشین بیس بال فیڈریشن نے ویسٹ ایشیا بیس بال کپ کی میزبانی پاکستان کو سونپی ہے انشااﷲ اپنے ہوم گراونڈ پر ہونے والے ایونٹ میں ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرینگے۔ ایشین گیمز میں پاکستان بیس بال ٹیم نے اپنی مدد آپ کے تحت شرکت کی تھی جس میں پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی جو کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔