آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے
میلبورن (سپورٹس رپورٹر) آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے نیوزی لینڈ کیخلاف میگا ایونٹ کے ٹائٹل مقابلے کے بعد ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کر دیا ہے۔ مائیکل کلارک کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہترین موقع ہے کہ وہ اپنے ون ڈے کیرئیر کا اختتام کردیں۔ فیصلے کا بنیادی مقصدٹیسٹ کیرئیر لمبا کرنا ہے۔ عالمی کپ 2015ء کا فائنل کھیلنے والی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے کپتانوں کی ٹرافی کے ساتھ خصوصی تقریب رونمائی ہوئی۔ مائیکل کلارک اور برینڈن میکلم بھی موجود تھے جنہوں نے مشترکہ طور پر ٹرافی کے ساتھ تصویر بنوائی۔ میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں 90 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔ نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میکلم نے کہا کہ کوئی چیلنج ایسا نہیں جو ناقابل تسخیر ہو، کینگروز کو فائنل میں شکست دینے کیلئے جارحانہ حکمت عملی کے تحت ٹیم کو میدان میں اتارینگے۔