کھلاڑیوں کے حوصلے بلند‘ کامیابی حاصل کرینگے: شاہد آفریدی
لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ کل کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہو گا۔ قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔ گزشتہ روز دونوں ٹیموں نے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے کوچز کی زیر نگرانی بائولنگ، فیلڈنگ و بیٹنگ کی پریکٹس کی۔ ہیڈ کوچ وقار یونس، سپن بائولنگ کوچ مشتاق احمد اور بیٹنگ کوچ گرانٹ نے کھلاڑیوں کی معاونت کی اور انہیں میچ کے حوالے سے ٹپس دیتے رہے۔ قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز جیتنے پر کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں۔ ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کی طرح ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بھی نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ امید ہے نوجوان کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی میچز میں اچھا پرفرام کریں گے۔ کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ہر میچ کیلئے الگ الگ حکمت عملی بنائی جائے گی۔ پہلے میچ کیلئے پلاننگ کر لی اور کامیابی حاصل کریں گے۔ ہمارا اصل ہدف آئندہ سال کا ورلڈ کپ ہے اور اس کے لئے اچھی ٹیم تیار کرنا ہے۔ سری لنکن ٹی ٹوئنٹی لوستھ مالنگا نے کہا کہ ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز بڑی شکست کے بعد کھلاڑیوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ ون ڈے جیت کر کھلاڑیوں کو اعتماد بلند ہے۔ نئے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی حاصل کریں گے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے اور ان سے اچھی امیدیں وابستہ ہیں ورلڈ کپ سے قبل اچھی ٹیم تشکیل دینا ہے اصل ہدف ہے۔