انگلینڈ کا ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کےلئے 14 رکنی ٹیم کا اعلان

مانچیسٹر (اے پی پی) انگلینڈ نے ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کےلئے 14 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، جیمز ٹیلر، کرس ٹریملٹ اور مونٹی پینسر کو سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ گراہم انینز کو ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا، پنڈلی کی تکلیف میں مبتلا کیون پیٹرسن کو سکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے تاہم ان کی میچ میں شرکت کے حوالے سے فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔ انگلینڈ کو پانچ میچز کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہے۔ سلیکشن کمیٹی کی طرف سے اعلان کردہ سکواڈ کے مطابق ایلسٹر کک (کپتان) ، جو روٹ ، جوناتھن ٹروٹ ، کیون پیٹرسن ، این بیل ، جونی بیئرسٹو ، جیمز ٹیلر ، میٹ پرائر ، ٹم بریسنن ، سٹورٹ براڈ ، گریم سوان ، جیمز اینڈرسن ، کرس ٹریملٹ اور مونٹی پینسر شامل ہیں۔ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹیسٹ یکم اگست سے اولڈ ٹریفورڈ ، مانچیسٹر میں شروع ہوگا۔ پہلے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم انگلینڈ نے 14 رنز جبکہ دوسرے میچ میں 347 رنز سے فتح حاصل کی۔