لیونل میسی نے یوئیفا کا سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا
پیرس(سپورٹس ڈیسک ) ارجنٹینا اور چیمپیئنز لیگ فاتح بارسلونا کے شہرہ آفاق سٹار لیونل میسی نے یوئیفا کا سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔ارجنٹینی اسٹار کو یہ ایوارڈ گزشتہ سیزن کے دوران اپنی لیگ ٹیم بارسلونا کیلئے چیمپیئنز لیگ، لا لیگا اور اسپینش کپ جیتنے پر دیا گیا۔اس ایوارڈ کیلئے ان کا مقابلہ اپنے حریف کرسٹیانو رونالڈو اور بارسلونا کے کھلاڑی لوئس سواریز کے ساتھ تھا۔28 سالہ فٹبالر نے کہا کہ میں یہ ایوارڈ جیتنے پر بہت خوش ہوں، میں اپنی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ وہ اس میں حصے کے مستحق ہیں، ہر کسی کی طرح میں بھی اپنی یم پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہوں۔یہ دوسرا موقع ہے کہ میسی نے یوئیفا کا ایوارڈ اپنے نام کیا، اس سے قبل 2010-2011 کے سیزن میں وہ یہ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہے تھے۔ خواتین کے مقابلوں میں جرمنی کی سیسک کو یوئیفا کی بہترن خاتون کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔27 سالہ کھلاڑی کا اس ایوارڈ کیلئے فرانس کی اماندین ہنری اور ہم وطن ڈسینیفر ماروزسان سے مقابلہ تھا۔گزشتہ ماہ ریٹارمنٹ کا اعلان کرنے والی ایف ایف سی فرینکفرٹ کی سیسی نے چیمپیئنز لیگ اور جرمن بنڈس لیگا میں سب سے زیادہ گول سکور کے اپنی ٹیم کو دونوں ٹرافیاں جتوائیں۔اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے کینیڈا میں ہونے والے ویمنز ورلڈ کپ میں بھی سب سے زیادہ گول سکور کر کے گولڈن بوٹ ایوارڈ جیتا تھا۔