قائداعظم ٹرافی کوالیفائنگ راﺅنڈ : پاکستان کرکٹ بورڈ کا ریجنل ٹیموں کو کٹس فراہم نہ کرنیکا فیصلہ
لاہور (نمائندہ سپورٹس) پی سی بی نے قائد اعظم ٹرافی کے کوالی فائنگ راو¿نڈ میں ریجنل ٹیموں کی نمائندگی کرنے والے تقریباً 160 کھلاڑیوں کو کٹس نہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔17 ستمبر سے ملک بھر میں شروع ہونے والے کوالی فائنگ راو¿نڈ میں شریک ٹیموں میں بہاولپور، لاہور بلیوز، سیالکوٹ، ملتان، کراچی بلیوز، فیصل آباد، فاٹا اور ایبٹ آباد شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ریجنل باڈیز کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے اور بورڈ نے ابھی تک ریجنز کیلئے سپانسر فراہم کرنے کا پروگرام فائنل نہیں کیا لہذا ریجنل باڈیز کو کٹس خریدنے کیلئے فنڈز جمع کرنے میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔تاہم پی سی بی قائد اعظم ٹرافی کے فائنل راو¿نڈ اور راولپنڈی میں یکم ستمبر سے شروع ہونے والے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کیلئے کٹس فراہم کرے گا۔ معلوم ہوا ہے کہ پی سی بی بھارت کے ساتھ یواے ای سیریز سے پانچ کروڑ ڈالرز آمدنی کی توقع کر رہا ہے۔تاہم اب تک بھارتی حکومت کا ردعمل کوئی مثبت نہیں رہا کیونکہ نئی دہلی نے سیاسی کشیدگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے بی سی سی آئی کو پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے کی ہری جھنڈی نہیں دکھائی۔ذرائع نے بتایا کہ سیریز کے امکانات تیزی سے معدوم ہوتے دکھائی دیتے ہیں اور ایسے میں پی سی بی کیلئے مالی طور پر زندہ رہنے کیلئے کفایت شعاری کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا۔ذرائع کے مطابق اس مہم میں عملہ کی ڈاو¿ن سائزنگ وغیرہ بھی شامل ہے۔