پاکستان کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتا ہے‘ مستقبل میں قیادت کیلئے نوجوان کھلاڑیوں کو تیا ر کرنا ہو گا: وقار یونس
کولمبو(آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہاہے کہ سری لنکا حسب توقع سخت حریف ثابت ہوا، قومی ٹیم کے کھلاڑی جیت کے جذبے سے سرشار ہیں، سب سے بڑا ہدف آئندہ ورلڈ کپ ہے، پاکستان کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی اہلیت رکھتا ہے، مستقبل میں قیادت کیلئے نوجوان کھلاڑیوں کوتیارکرنا ہوگا، کھلاڑیوں کی فیلڈنگ اور فٹنس ترجیح ہوگی۔ قومی ٹیم کے کھلاڑی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا اور ورلڈ کپ سے قبل سری لنکا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے سیریز بہت اہم ہیں۔ہمارا سب سے بڑا ہدف ورلڈ کپ ہے اور بطور کوچ کھلاڑیوں کی فیلڈنگ اور فٹنس ترجیح ہوگی جبکہ کچھ کھلاڑیوں پر خصوصی توجہ دینا ہوگی کہ انہیں انجری اور فٹنس مسائل نہ ہوں۔مستقبل کے لئے نوجوان کھلاڑیوں کو تیار کرنا ناگزیر ہے اور پرفارمنس دیکھنے کے بعد ہی فیصلہ ہوگا کہ کس کھلاڑی کو کس پوزیشن پر کھلایا جائے تاہم ورلڈ کپ کے لئے نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل سکواڈ تشکیل دیا جائے گا۔کوشش ہوگی کہ ماضی کی غلطیاں دوبارہ نہ ہوں، ورلڈ کپ کی بھرپور تیاری کریں گے۔ پاکستانی کھلاڑی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی اہلیت رکھتے ہیں مصباح الحق دوسال سے بڑی اچھی کپتانی کررہے ہیں لیکن مستقبل میں قیادت کیلئے نوجوان کھلاڑیوں کوتیارکرنا ہوگا۔ آنے والے وقت میں پاکستان ٹیم کو کافی کرکٹ کھیلنے کو ملے گی۔پاکستان ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کی مسلسل آمد حوصلہ افزا ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کو باصلاحیت کرکٹرز ہمیشہ دستیاب رہے ہیں۔