خیال زید گل قائم مقام ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی ذمہ داری نبھائیں گے
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا کی معطلی کے دوران وزارت بین الصوبائی رابطہ کے جائنٹ سیکرٹری خیال زید گل قائم مقام ڈائریکٹر جنرل کے طور پر اپنے فرائض انجام دیں گے اور اختر نواز گنجیرا کی بحالی تک ذمہ داری نبھائیں گے۔معلوم ہوا ہے کہ خیل زید گل وزارت بین الصوبائی رابطہ میں جائنٹ سیکرٹری برائے مشترکہ مفادات کونسل فرائض انجام دے رہے تھے۔ جمعہ کے روز بھی وہ مشترکہ مفادات کونسل کے سلسلے میں ایک اجلاس میں شام تک مصروف رہے۔ ادھر دوسری جانب پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈی جی ڈاکٹر اختر نواز کو جن الزامات کے باعث معطل کیا گیا اس بارے میں ذرائع کے مطابق ان کے خلاف کہیں بھی کوئی مالی بدعنوانی کا ذکر نہیں ہے۔ دوسری طرف ابھی تک تحقیقاتی کمیٹی اور اس کے ارکان کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہوسکا۔
ان کے خلاف چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ قائداعظم گیمز کے دوران کھلاڑیوں کو جو کھانے کے ڈبے دئیے گئے ان میں کھانا نہیں تھا۔ الزم یہ ہے کہ ڈی جی‘ پی ایس بی وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے سپورٹس کے چیئرمین اعجاز گل سے تعاون نہیں کرتے۔ ان کے خلاف یہ بھی الزام ہے کہ وہ وزیراعظم کی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے بغیر اجازت لئے بھارت چلے گئے۔بین الاقوامی باکسر محمد وسیم کو حکومت کی جانب سے بروقت انعام فراہم نہ کرنے کا بھی الزام ہے۔پی ایس بی کے ذرائع نے بتایا کہ ڈی جی کے خلاف کہیں بھی مالی بدعنوانی کا الزام نہیں ہے۔