دورہ انگلینڈ سے قبل قومی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ سے قبل قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا کاکول ایبٹ آباد میں تربیتی کیمپ لگانے سے قبل 8 اور 9 مئی کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ فٹنس ٹیسٹ میں پاس کھلاڑیوں کو کاکول میں آرمی کے زیر اہتمام کیمپ کے کھلاڑیوں میں شامل کیا جائے گا۔ پی سی بی نے اس سلسلہ میں فیصل آباد میں جاری پاکستان کپ ٹورنامنٹ کے دوران سینئر اور نوجوان کھلاڑیوں کو فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی کو بااختیار کیا گیا ہے کہ وہ فٹنس ٹیسٹ کے لیے کھلاڑیوں کی فہرست تیار کر کے پی سی بی کو بھجوائے اور اس بات کا خیال رکھے کہ دورہ انگلینڈ کے لیے صرف فٹ کھلاڑیوں کو ہی قومی سکواڈ کا حصہ بنایا جائے۔