پاکستان کپ میں ناقص امپائرنگ ملکی کرکٹ کی نا کامی کا ثبوت ہے :اسد رئوف
لاہور (نمائندہ سپورٹس) یونس خان کا منفی رویہ، کھلاڑیوں کا ناقص کھیل اور پاکستان کپ میں ہونیوالی ناقص امپائرنگ ملکی کرکٹ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سابق بین الاقوامی امپائر اسد رؤف نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونس خان کا امپار کے فیصلہ پر رویہ حیران کن ہے۔ ایک سینئر اور تجربہ کار کھلاڑی کو ایسی حرکتیں اور غیر ذمہ دارانہ رویہ زیب نہیں دیتا۔ امپائر کھیل کا انچارج ہوتا ہے اس کے فیصلوں کو سپرٹ آف دی گیم کیلئے تسلیم کیا جانا چاہئے۔ کیا کسی انٹرنیشنل میچ میں بھی امپائر کے غلط فیصلے پر یونس خان یہی ردعمل دیتے۔ امپائرنگ کا معیار انتہائی ناقص ہے۔ ناقص امپائرنگ کی وجہ سے کھلاڑیوں کے کیرئیر خراب ہو جاتے ہیں۔ کھیل کا معیار بلند کرنا ہے تو امپائرنگ کے معیار کو بہتر بنانا ہو گا۔ کھلاڑیوں نے بھی غیرمعیاری کھیل پیش کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو انتظامی سطح پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔