ایشین بیچ گیمز: پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر کبڈی ٹائٹل جیت لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کبڈی ٹیم نے ایشین بیچ گیمز میں پاکستان کے لئے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا ہے۔ ویت نام میں جاری گیمز میں پاکستان کبڈی ٹیم نے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو شکست دیکر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ دانگ میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا جس میں پاکستان کبڈی ٹیم نے 28 کے مقابلے 30 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا محمد سرور نے قومی ٹیم کی کامیابی پر کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی کھلاڑیوں نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ قومی کبڈی ٹیم نے ایک ایسے موقع پر پاکستان کو خوشی فراہم کی ہے جب بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جنگ کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن قوم ہے۔ رانا سرور نے کہا ہے کہ ہمیں یقین تھا کہ اس مرتبہ قومی کھلاڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کرینگے۔ اچھی کارکردگی پر ٹیم کے تمام کھلاڑیوں سمیت آفیشلز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاکستانی ٹیم ہینڈ بال میں اپنا تیسرا میچ آج 28 ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔