ٹیسٹ رینکنگ؛ مصباح الحق کی ٹاپ 10 میں واپسی
لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں بلے بازوں میں یونس خان کا پانچواں نمبر جبکہ مصباح الحق ٹاپ 10 میں شامل ہوگئے ہیں۔بلے بازوں میں آسٹریلوی سٹیون سمتھ 906 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن دوسرے، انگلینڈ کے جو روٹ تیسرے، جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ چوتھے اور پاکستان کے یونس خان پانچویں نمبر پر موجود ہیں، اے بی ڈی ویلیئرز کا چھٹا، ایڈم ووجز ساتواں، ڈیوڈ وارنر آٹھواں، ایلسٹر کک کا نواں نمبر اور مصباح الحق ترقی پا کر دوبارہ دسویں نمبر پر آگئے۔ بہترین بائولرز میں جنوبی افریقہ کے ڈیل سٹین پہلے، بھارت کے ایشون 871 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن 870 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ ان کے ہم وطن سٹیورٹ براڈ 836 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیںَ پانچویں پوزیشن سری لنکا کے جادوگر سپنر رنگنا ہیراتھ کی ہے جن کے پوائنٹس 831 ہیں، پاکستان کے مایہ ناز سپنر یاسر شاہ 806 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں، رویندرا جدیجہ ساتویں، مچل سٹارک آٹھویں، ویگنر نویں اور بولٹ دسویں نمبر پر ہیں۔آل رائونڈرز میں بھارت کے روی چندرن ایشون پہلے، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسرے اور بھارت کے ہی رویندرا جدیجہ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔