بورڈ نے 9 ماہ کے لیے قومی کرکٹرز کے نئے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا
لاہور(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے 9 ماہ کے لیے قومی کرکٹرز کے نئے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 30 کھلاڑیوں کو چار مختلف کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ شاہد آفریدی سنٹرل کنٹریکٹ سے فارغ ہو گئے ہیں جبکہ کپتانی کے خواب دیکھنے والے احمد شہزاد اور عمر اکمل کو آخری درجہ کی ڈی کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔ نیا سنٹرل کنٹریکٹ یکم اکتوبر 2016ء سے 30 جون 2017ء تک کے لیے ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سنٹرل کنٹریکٹ کمی ٹی میں ڈائریکٹر اکیڈمیز، چیف سلیکٹر، پاکستان ٹیم ہیڈ کوچ، جی ایم انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز کی سفارش پر تیس کھلاڑیوں کے نام چار کیٹگریز میں منظوری کے لیے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کو بھجوائے گئے تھے جنہوں نے ناموں کی منظوری دیدی۔ سنٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹگری میں اظہر علی، محمد حفیظ، مصباح الحق، یونس خان، شعیب ملک، سرفراز اور یاسر شاہ شامل ہیں۔ بی کیٹگری میں وہاب ریاض، راحت علی، اسد شفیق اور محمد عامر۔ سی کیٹگری میں حارث سہیل، محمد رضوان، عمران خان سینئر، شان مسعود، محمد عرفان، سمیع اسلم، بابر اعظم، عماد وسیم، حسن علی، خالد لطیف، شرجیل خان، محمد نواز، سہیل خان اور سہیل تنویر شامل ہیں۔ ڈی کیٹگری میں انور علی، ذوالفقار بابر، محمد اصغر، احمد شہراد اور عمر اکمل شامل ہیں۔