’’ایئر چیف انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ ٹرائل تھا‘ کامیاب رہے‘‘

لاہور( نمائندہ سپورٹس) چیف آف ائر سکواش انٹرنیشنل  ٹورنامنٹ ہمارا ٹیسٹ  اور ٹرائل  تھا  ہم اس میں کامیاب رہے ہیں۔ اب ہم اس طرح کے مزید ایونٹس کی میزبانی حاصل کرنے کے لئے کام کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن عامر نواز نے ’’نوائے وقت‘‘ کے ساتھ گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم پی ایس اے سے بات کریں گے۔ موجودہ صورتحال میں پاکستان اوپن بحال ہوجاتا ہے تو یہ بہت مناسب ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے والے کھلاڑی عامر اطلس نے نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کہاکہ ٹورنامنٹ کے کامیاب و بہترین انعقاد پر پاکستان اسکواش فیڈریشن کے عہدیدار مبارکباد کے مستحق ہیں۔ کھلاڑی فرحان محبوب نے کہا کہ چیف آف ائرسکواش ٹورنامنٹ میں بیرون ملک سے آئے تمام کھلاڑی اور آفیشلز بہت خوش اور مطمئن تھے۔ یہ ٹورنامنٹ بہت کامیاب رہا۔ اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد سے پاکستان اوپن کی بحالی میں آسانی ہوگی۔