ہاکی کا مستقبل روشن ہے‘ ایشین گیمز میں کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی دکھائی: اختر رسول

ہاکی کا مستقبل روشن ہے‘ ایشین گیمز میں کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی دکھائی: اختر رسول

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اولمپئن اختر رسول نے کہا کہ قومی کھیل کا مستقبل روشن ہے، ایشین گیمز کا ٹائٹل کا بدقسمتی سے دفاع نہ کر سکے تاہم کھلاڑیوں نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل پیش کیا۔’’ نوائے وقت‘‘ سے  خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے کھلاڑی کے معاشی مسائل کے حل کے لیے انہیں بیرون ملک لیگ ہاکی کھیلنے کی اجازت دے رکھی ہے، انہوں نے کہا کہ فنڈز کے بغیر کوئی کھیل ترقی نہیں کرتا اسی طرح ہاکی کا بھی یہی حال ہے۔ ہم نے قومی کھیل کی ترقی اور روشن مستقبل کے لئے وفاقی حکومت کو پلان تیار کر کے جمع کرا دیا ہے جس کی روشنی میں ہمیں سالانہ پچاس کروڑ سے زائد رقم کی ضرورت ہے اگر یہ مل جائے تو گارنٹی دیتا ہوں کہ وہ دن دور نہیں رہے گا جب ہم اپنے تمام کھوئے ہوئے اعزازات واپس حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ صدر پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ ہم نے سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹوں کو با اختیار بنایا کسی کے کام میں مداخلت نہیں کرتے، جونیئر ٹیم کی کارکردگی مایوس کن ضرور رہی لیکن یہ بات حقیقت ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کا پہلا انٹرنیشنل ایونٹ تھا وقت کے ساتھ ساتھ ان کے تجربہ میں اضافے سے نتائج ملنا شروع ہو جائیں گے۔