پاکستان سپورٹس بورڈ کا اجلاس، ایگزیکٹو کمیٹی کے قیام کا فیصلہ

لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپورٹس بورڈ کے 78 ویں ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس اسلام آباد میں بین الصوبائی رابطے کے وزیر ریاض حسین پیرزادہ کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اختر نواز گنجیرا‘ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن آئی پی سی وزارت کے سیکرٹری اعجاز چودھری پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرری فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد علی خان‘ سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن عامر نواز اور اتھلیٹکس فیڈریشن کے سیکرٹری ظفر اقبال نے شرکت کی۔ اجلاس میں عارف حسن کے سربراہی میں کام کرنے والی اولمپک ایسوسی ایشن کو قانونی و آئینی نمائندہ تنظیم تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ساتھ تمام معاملات طے کرنے کا اختیار دے دیا گیا۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پی او اے کے منجمد اکاؤنٹس بحال کرنے اور لاہور میں جلد از جلد اولمپک ہاؤس کا قبضہ عارف حسن کی صدارت میں کام کرنے والی اولمپک ایسوسی ایشن کو دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں ایشین گیمز میں پاکستان کے دستے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایشیائی کھیلوں میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی گئی سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری کو ایشیائی کھیلوں میں کھلاڑی کی کارکردگی کے بارے میں تحقیقات کرنے اور خراب کارکردگی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں مستقبل میں ملکی کھیلوں کے معاملات کو زیادہ بہتر اور پیشہ وارانہ انداز میں چلانے کے لئے ایک ایگزیکٹو کمیٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔