آسٹریلوی وفد کی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے تعاون کی یقین دہانی

آسٹریلوی وفد کی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے تعاون کی یقین دہانی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) آسٹریلیا کے دو رکنی وفد نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی  بحالی کے لئے اپنی حکومت کی مکمل سپورٹس کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار دو رکنی وفد جس میں نیکول گوئی ہوٹ اور جیکوئی ایشورتھ نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کے دورہ کے موقع پر کیا۔ جیکوئی ایشورتھ کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات کا اندازہ ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے کتنا نقصان ہو رہا ہے۔ آسٹریلوی حکومت پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی جلد سے جلد بحالی کی خواہاں ہے۔ بعد ازاں دو رکنی وفد نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وفد نے پاکستان ویمن کرکٹ میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ویمن کرکٹ کے حوالے سے ان کا ملک کس طرح کوئی مدد کر سکتا ہے بتایا جائے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی انتخاب عالم نے آسٹریلوی وفد کے اکیڈمی دورہ کے موقع پر انہیں خوش آمدید کہا اس موقع پر پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ثنا میر نے بھی آسٹریلوی وفد سے ملاقات کی اور انہیں ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔