بااختیار ہوں‘ کپتانوں کی ہاں میں ہاں ملانے والا نہیں: انضمام الحق
لاہور(نمائندہ سپورٹس/سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین انضمام الحق نے کہا ہے کہ وہ کوئی بھی فیصلہ کرتے ہوئے تینوں فارمیٹس کے کپتانوں کی رائے کو اہمیت دیتے ہیں۔ بااختیار چیف سلیکٹر ہوں‘کپتانوں کی ہاں میں ہاں ملانے والا نہیں ہوں۔کپتان جو کھلاڑی چاہتے ہیں انھیں وہ فراہم کیے جائیں گے۔ فواد عالم کو نظرانداز نہیں کیا گیا ۔ دو نئے بیٹسمین آصف ذاکر اور اکبر الرحمن کو کیمپ میں لایا ہوں ‘ کیمپ میں ان کی بیٹنگ دیکھنا چاہتا ہوں کہ ان میں کتنی صلاحیت ہے۔ یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر کی فٹنس اتنی خراب نہیں تھی کہ وہ تربیتی کیمپ سے بھی باہر رہتے۔ کوئی بھی کرکٹر جو فٹنس معیار پر پورا نہیں اترے گا اس کی سلیکشن پر غور نہیں ہوگا۔ احمد شہزاد اور عمراکمل کو بلا کر ڈسپلن کے بارے میں یہ واضح کردیا کہ وہ اسے ٹھیک کرلیں اگر ایسا نہیں کریں گے تو میرے لیے انھیں ٹیم میں منتخب کرنا آسان نہ ہوگا۔