سری لنکن کرکٹ ٹیم بھی پاکستان آنے کیلئے تیار‘ حتمی شیڈول جلد جاری کیا جائیگا

سری لنکن کرکٹ ٹیم بھی پاکستان آنے کیلئے تیار‘ حتمی شیڈول جلد جاری کیا جائیگا

لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) زمبابوے کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے مہمان ٹیم کیلئے فراہم کی جانیوالی سکیورٹی کے بعد سری لنکن ٹیم نے بھی پاکستان آنے کا اشارہ دیدیا ہے۔ سری لنکن ٹیم رواں سال دسمبر میں آ سکتی ہے یا پھر آئندہ سال بھی دورہ ہو سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز جوکہ دسمبر میں کھیلی جانی ہے، بھارت تاحال مثبت جواب نہیں دے سکا ہے جس کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے دوسری ٹیموں سے بھی رابطے شروع کر دئیے ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اگر بھارتی ٹیم کسی بہانے سے پاکستان سے کھیلنے سے انکار کرتی ہے تو سری لنکن ٹیم متبادل کے طور پر پاکستان میں آ کر سیریز کھیلے گی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے رابطوں کے باوجود ٹال مٹول سے کام لیا ہے۔ بھارت اگر پاکستان کے ساتھ سیریز دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں کھیلنے کیلئے تیار ہو جاتا ہے تو پھر سری لنکن ٹیم آئندہ سال شیڈولڈ سیریز کے دوران خالی اوقات میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو زمبابوے کے کامیاب دورے پر مبارکباد ہے اور سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ امید ہے زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کامیاب دورہ کے بعد دیگر ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گی۔ آئرلینڈ بھی آنے کو تیار ہے۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان بھی عندیہ دے چکے ہیں کہ اب ٹیسٹ میچوں سمیت مکمل سیریز پاکستان میں کھیلی جائیگی۔ دونوں بورڈز کے درمیان معاملات طے ہونا باقی ہیں۔ بات چیت جاری ہے اور بھارت کے جواب کے بعد حتمی شیڈول جاری کیا جائے گا۔ زمبابوے ٹیم کی پاکستان آمد کے بعد سری لنکن ٹیم کے دورے کے لیے پاکستان نے کوششیں شروع کردی ہیں۔ سری لنکا کرکٹ بورڈ کے عبوری سربراہ سدھات ودے منی چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی خصوصی دعوت پر 29 مئی کو پاکستان پہنچیں گے۔وہ 31 مئی کو پاکستان زمبابوے کا آخری ون ڈے میچ دیکھیں گے۔ پاکستان کی جانب سے سری لنکا کی ٹیم کے دورے کے متعلق بورڈ کے عبوری سربراہ سے بات چیت کی جائے گی اور سکیورٹی انتظامات سمیت تمام امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔ ابتدائی طور پر دورہ سری لنکا کو مختصر رکھنے اور صدارتی طرز کی سکیورٹی دینے کی تجاویز پر بات چیت بھی کی جائے گی۔