عالمی کپ کے بعد قومی ٹیم میں تبدیلیا ںضروری ہیں : اکرم رضا
لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ ٹیم میں عالمی کپ کے بعد تبدیلیاں ضروری ہیں۔ جب تک ٹیم میں موجود کھلاڑیوں کے متبادل تیار نہیں ہوں گے‘ نئے کھلاڑیوں کو موقع نہیں دیا جائے گا۔ مقابلے کی فضا پیدا نہیں ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار سابق ٹیسٹ کرکٹر اکرم رضا نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کو ان کھلاڑیوں کی ضرورت ہے جو ملک کے لئے کھیلیں۔ کھلاڑیوں کی اکثریت بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کے اعزاز کی اہمیت ہی واقف نہیں ہیں۔ عالمی کپ میں بالخصوص بلے بازوں نے مایوس کن کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ احمد شہزاد‘ عمر اکمل اور صہیب مقصود کو ڈومیسٹک کرکٹ تک محدود کرنا ہو گا۔ اس وقت تک کہ وہ اپنی تکنیک کو بہتر نہ بنا لیں۔ لمبے رنز کرنے کا فن سیکھے بغیر انہیں قومی ٹیم میں شامل کرنا نوجوان کرکٹرز کے ساتھ ناانصافی ہے۔بہتری کے لئے تبدیلی کی ضرورت ہے۔ جب تک تبدیلی نہیں آئے گی ٹیم میں موجود کھلاڑیوں کو اپنی جگہ کا فکر نہیں ہو گا۔ کھلاڑیوں پر کارکردگی کا دبا¶ برقرار رکھنا ضروری ہے۔ عمر اکمل ایک سو سے زائد ون ڈے میچ کھیل چکا ہے۔ اسے ابھی تک اپنی وکٹ کی اہمیت کا اندازہ ہی نہیں ہوا۔ احمد شہزاد چھ سات سال سے بین الاقوامی کرکٹ کھیل رہا ہے۔ کیا اسکی کارکردگی صلاحیتوں کے مطابق ہے۔ ہمیں ٹیلنٹ نہیں پرفارمرز کی ضرورت ہے۔