نوجوان کرکٹرز کی شمولیت سے ٹیم میں بہتری آئی : چیف سلیکٹر
لاہور (نمائندہ سپورٹس) ٹیم کی کامیابی کا کریڈٹ بلاشبہ کھلاڑیوں کو جاتا ہے۔ کوشش ہے کہ بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم سلیکٹ کریں۔ ان خیالات کا اظہار چیف سلیکٹر ہارون رشید نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں زبردست تبدیلی نظر آ رہی ہے۔ سب کو ساتھ لیکر چلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ٹیم انتظامیہ کی کچھ کھلاڑیوں کے حوالے سے سخت رائے تھی۔ سلیکشن کمیٹی کے رکن اظہر خان نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی اپنا کام مکمل ایمان داری اور نیک نیتی کے ساتھ کر رہی ہے۔ بابر اسلم، ایم رضوان اور عماد وسیم کو ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کھیل کی بنیاد پر ٹیم میں جگہ دی گئی۔ راحت علی کو سری لنکا بھیجنے سے قبل پریکٹس میچز کھلائے گئے۔عمر اکمل کو کہا تھا کہ کیمپ جوائن کر کے اپنا کام کرو ہم اپنا کام کریں گے اس مسئلے پر چیف سلیکٹر نے فراخ دلی سے کام لیا اور کوئی ڈسپلنری ایکشن نہیں لیا۔