آئی ڈی پیز کیلئے ٹی 20 میچز سے 10 کروڑ روپے اکٹھے ہوئے : رانا مشہور
لاہور (سپورٹس رپورٹر) وزیر کھیل پنجاب رانا مشہود احمد نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے دس لاکھ آئی ڈی پیز کی امداد اور بحالی کے لئے لاہور‘ فیصل آباد‘ ملتان اور راولپنڈی میں ٹی 20- کرکٹ میچوں سے 10 کروڑ روپے اکٹھے ہوئے۔ قذافی سٹیڈیم میں قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان -اے کے مابین فنڈ ریزنگ ٹی ٹونٹی میچ کے اختتام پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کرکٹ میچ فوج کے ان شہدا کے لواحقین اور اہل خانہ کے نام منسوب کیا۔ تقریب میں پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمین نوازش علی نے ناشرین اور کاغذ تیار کرنے کی صنعت سے وابستہ شخصیات کی جانب سے وزیراعلی ریلیف فنڈ برائے آئی ڈی پیز کے لئے مزید ایک کروڑ روپے کا چیک صوبائی وزیر کو پیش کیا۔ اس موقع پر آسٹریلیا کے ہائی کمشنر پیٹر ہیورڈ ، جنوبی افریقہ کے سفیر پینڈولو کمالو‘ ارکان پنجاب اسمبلی اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی انتخاب عالم اور فیشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی موجود تھیں۔ قومی کرکٹرز کے دستخطوں والے بیٹ کی نیلامی میں دارالسلام سٹور لوئر مال لاہور کے ڈائریکٹر عکاشہ مجاہد نے بیٹ 5 لاکھ روپے میں خرید کر رقم آئی ڈی پیز کے لئے عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔اسی طرح بین الاقوامی فرم’’ ڈیمو‘‘کے چیف ایگزیکٹو ایم این پائو نے بھی آئی ڈی پیز ریلیف فنڈ میں 5 لاکھ روپے عطیہ کا چیک پیش کیا۔