آئی ڈی پیز کیلئے فنڈ ریزنگ مہم آخری ٹی 20 میچ میں قومی ٹیم نے پاکستان اے کو 19 رنز سے شکست دیدی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام آئی ڈی پیز کی امداد کیلئے فنڈ ریزنگ مہم کے سلسلہ میں کھیلے جانے والے آخری ٹی ٹونٹی میچ میں قومی کرکٹ ٹیم نے پاکستان اے کو 19 رنز سے شکست دیدی۔ قذافی سٹیڈیم میں میچ کے دوران شائقین کرکٹ میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا جنہوں نے ضرب عضب میں شریک جوانوں اور شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی میچ میں حصہ لے کر آئی ڈی پیز اور پاک فوج کے ساتھ اپنی محبت کا اظہار کیا۔ شائقین کی بہت بڑی تعداد نے میچ دیکھا اور کھلاڑیوں کو اچھے کھیل پر بھرپور داد دی‘ میچ کے دوران سٹیڈیم پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا، میچ میں قومی کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔ خرم منظور نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 59 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان مصباح الحق 41 رنز ناٹ آئوٹ اور اسد شفیق نے 23 رنز بنائے۔ عثمان شنواری نے 22 رنز دے کر تین جبکہ عطاء اللہ اور فواد عالم نے ایک ایک کھلاڑی کوآئوٹ کیا۔ جواب میں پاکستان اے نے اننگز کا پراعتماد آغاز کیا تاہم بعد میں آنے والے کھلاڑی اس تسلسل کوبرقرا ر نہ رکھ سکے۔ پاکستان اے مقررہ اوورز کے اختتام تک 8 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بناسکی۔ حارث سہیل 28 انور علی 25 شرجیل خان 21 اور فیصل اقبال 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ محمد عرفان ، سعید اجمل نے دو دو جبکہ وہاب ریاض، جنید خان اور عبدالرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔