پاکستان اور سری لنکا کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ کل سے شروع ہو گا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ کل سے قذافی سٹیڈیم میں شروع ہو گا۔ اس سے قبل سیریز کا پہلا کراچی ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا تھا۔ دونوں ٹیمیں جمعرات کو کراچی سے لاہور پہنچی تھیں یہاں جمعہ کو دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے نیٹ پریکٹس میں حصہ لیا۔ صبح کے سیشن میں پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے وارم اپ ہونے کے ساتھ ساتھ باؤلنگ اور بیٹنگ پریکٹس کی جبکہ سہ پہر کے بعد مہمان سری لنکن ٹیم نے پریکٹس میں حصہ لیا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی حفاظت کیلئے سکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ قومی سلیکشن کمیٹی نے کراچی ٹیسٹ کے 15 رکنی سکواڈ کو برقرار رکھا ہے۔ اس کے علاوہ ریزرو کھلاڑیوں کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔ قذافی سٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھا ٹاکرا ہو گا۔ اس سے قبل اس میدان میں کھیلے گئے تین ٹیسٹ میچوں میں سے پاکستان ٹیم نے دو میں کامیابی اور ایک ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے رہا ہے۔