سری لنکن ٹیم نے سکیورٹی کے حوالے سے تحفظات کا اظہار نہیں کیا: چیئرمین کرکٹ بورڈ

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے کہا ہے کہ یونس خان نے کراچی ٹیسٹ میں شاندار اننگز اور کپتانی کرکے ان کی امیدوں سے زیادہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ وہ قذافی سٹیڈیم لاہور میں سری لنکا کے خلاف سیریز کے آخری ٹیسٹ کیلئے تیار کی جانے والی پچ کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اعجاز بٹ نے کہا کہ پچ کمیٹی اور کپتان کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے اور امید ہے کہ یہاں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ چیئرمین نے کہا کہ سری لنکن ٹیم مینجمنٹ نے سکیورٹی کے بارے میں تحفظات کا اظہار نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہال آف فیمز کی تقریب لاہور ٹیسٹ کے پہلے روز ہوگی جس میں آئی سی سی کے دو نمائندے بھی شریک ہوں گے۔ اس تقریب میں لیجنڈز حنیف محمد اور جاوید میانداد کو کیپس دی جائیں گی جبکہ عمران خان نے مصروفیت کے باعث آنے سے معذرت کی ہے۔