پاکستان بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ آج سے شروع ہوگا: مصباح ٹیم کو شکست کی دلدل سے نکالنے کیلئے پُر عزم
لاہور+ کھلنا (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا کرکٹ ٹیسٹ میچ منگل سے کھلنا کے شیخ ابو نصر سٹیڈیم میں شروع ہورہا ہے ۔ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے قومی ٹیم کو شکستوں کی دلدل سے نکالنے کے عزم کا اظہار کر دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیسٹ فارمیٹ کی بہترین ٹیم ہے۔ قومی ٹیم ایک عرصہ سے طویل فارمیٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے نتائج ون ڈے اور ٹی 20 کے برعکس ہوں گے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی فٹنس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یاسر شاہ سمیت تمام کھلاڑی مکمل فٹ اور بنگلہ دیش سے کامیابی کے لئے پرجوش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ون ڈے اور ٹی 20 کے بعد بنگلا دیش ٹیم کو کمزور حریف تصور نہیں کیا جاسکتا لیکن قومی ٹیم پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ آج شروع ہوگا۔ 2 مئی تک جاری رہنے والا میچ شیخ ابو ناصر سٹیڈیم، کھلنا میں کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بجے شروع ہوگا۔میچ کی تیاری کے سلسلہ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے گذشتہ روز بھرپور انداز میں پریکٹس کی۔ پاکستانی ٹیم مصباح الحق کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، عمران خان، جنید خان، محمد حفیظ، راحت علی، سعید اجمل، سمیع اسلم، سرفراز احمد، وہاب ریاض، یونس خان، یاسر شاہ، ذوالفقار بابر اور سہیل خان شامل ہیں۔ کھلنا میں شروع ہونے والے میچ میں نوجوان بلے باز سمیع اسلم کو ٹیسٹ کیپ دی جائے گی جنھوں نے بنگلہ دیش کیخلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں ہی اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا تھا۔ دریں اثنا بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ کیلئے 14 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ سومیہ سرکار، محمد شاہد اور لیٹن داس کو پہلی بار قومی سکواڈ کے لئے منتخب کیا گیا ہے اسطرح امرالقیس، شواگاتا ہوم اور شہادت حسین بھی سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ روبیل حسین جنہیں پاکستان کے خلاف ٹی 20 میچ میں ریسٹ دی گئی تھی وہ بھی سکواڈ میں واپس آگئے ہیں جبکہ اوپنگ بلے باز شمس الرحمان، شفیع الاسلام اور الامین حسین کو ڈراپ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش کیخلاف آج سے شروع ہونیو الی سیریز پاکستان کی ٹیسٹ رینکنگ پر اثرانداز ہوگی، تاہم دونوں ممالک کے درمیان موجود71 ریٹنگ پوائنٹس کا واضح فرق مصباح الحق کیلیے سیریز2-0 سے جیتنے پر محض ایک پوائنٹ کے اضافے کا سبب بنے گا۔دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 6 سے 10 مئی تک شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میرپور میں کھیلا جائے گا۔