انڈر18 ہاکی : سند ھ کلرز ، پنجاب وائٹس‘سندھ وائٹس کی کامیابی
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) انڈر18نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کے پانچویں روزسندھ کلرز ، پنجاب وائٹس اورسندھ وائٹس نے حریف ٹیموں کو شکست دیدی۔ ۔پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں جاری چیمپئن شپ میں جمعرات کو کھیلے گئے پہلے میچ میں سندھ کلرز نے بلوچستان وائٹس کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7-0سے شکست دی۔ سندھ کلرز کی طرف سے حماد رضوان نے چھٹے ، 15 ویں اور34 ویں منٹ میں لگاتار تین گول کرکے ہیٹرک بنائی جبکہ شاداب احمد نے دو، محمد حمزہ اور سلیم نذیر نے ایک، ایک گول کیا۔ دوسرے میچ میں سندھ وائٹس نے اپنے شاندار کھیل کی بدولت خیبر پختونخواہ گرین کو 2کے مقابلے میں 5گولوںسے شکست دی۔ میچ میں سندھ وائٹس کی جانب سے محمد ارسلان نے دو گول جبکہ عون آغا ،عبد اللہ اور فہیم خان نے ایک ، ایک گول کیا ۔ خیبر پختونخوا گرین کی طرف سے اسماعیل خان اور عامر ارشد نے ایک، ایک گول کیا ۔ تیسرے میچ میں پنجاب وائٹس نے سخت مقابلے کے بعد خیبر پختونخواہ وائٹس کوایک صفرسے شکست دی ، میچ کا واحد گول پنجاب کے رائو محمد علی نے کیا جبکہ خیبر پختونخواہ کی ٹیم نے میچ میں واپسی کیلئے کئی کوششیں کی مگر وہ کارگر نہ ہو سکیں۔ چیمپئن شپ کے کوارٹرفائنل رائونڈ 29مئی کوکھیلے جائیں گے۔